افغان فریقین لچک کا مظاہرہ کرکے مذاکرات نتیجہ خیز بنائیں، عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے تنازع کے پرامن سیاسی حل کے لیے امریکا سمیت متعلقہ ممالک کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے افغان فریقین پر زور دیا کہ وہ لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات نتیجہ بنائیں۔ پیر کو وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان اور زلمے خلیل زاد نے ملاقات کے دوران افغانستان کی صورت حال اور امن عمل میں تیزی لانے کی ضروت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے پرامن، مستحکم اور متحد افغانستان کے لیے پاکستان کے مستقل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ مغربی سرحد خود پاکستان کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے کوششوں میں امریکا اور دیگر متعلقہ ممالک کے ساتھ بدستور مصروف عمل رہنا چاہے گا۔وزیراعظم عمران خان نے تمام افغان فریقین پر زور دیا کہ وہ لچک دکھائیں اور ایک دوسرے ساتھ نتیجہ مذاکرات کریں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے جس طرح تاشقند میں وسطی ایشیا او رجنوبی ایشیا رابطہ کانفرنس میں تجویز دی تھی، اسی طرح افغانستان کے ہمسائیوں اور خطے لیے ضروری ہے کہ وہ افغانستان میں پائیدار سیاسی حل کے لیے مل کر تعمیری کام کریں۔وزیراعظم ہائوس کے مطابق امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد خطے کے دورے کے موقع پر ایک روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close