مسقط (پی این آئی) سلطنت عمان نے کورونا وباء کی چوتھی لہر کے خدشات کے باعث 9 مزید ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردیں، پاکستان، انڈیا، بنگلا دیش سمیت 14 ممالک پر عائد سفری پابندیوں میں تاحکم ثانی توسیع کردی گئی ہے، سفری پابندیوں کا اطلاق 9 جولائی سے ہوگا۔ گلف نیوز کے مطابق سلطنت عمان نے پاکستان، بنگلہ دیش ، برطانیہ اور بھارت سمیت 23 ممالک کے شہریوں کیلئے سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔سلطنت عمان کا یہ اقدام کورونا وائرس کیخلاف اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ سلطنت عمان کی طرف سے جن مزید 9 مالک کو کورونا ریڈلسٹ میں شامل کیا گیا ہے ان میں سنگاپور، انڈونیشیا، عراق، ایران، تیونس، لیبیا، ارجنٹائن، کولمبیا اور برونائی شامل ہیں۔اس سے قبل 14 مالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں، ان پابندیوں میں توسیع کردی گئی ہے۔ان ممالک میں پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت سمیت سوڈان، برازیل، نائجیریا، تنزانیہ، سیرا لیون، ایتھوپیا، برطانیہ، فلپائن، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور ویتنام شامل ہیں۔ سفری پابندیوں کا اطلاق 9 جولائی سے ہوگا۔ عمان کے شہریوں ، سفارتکاروں اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ عمان میں ایک دن میں 1675 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 17 اموات ہوئی ہیں۔کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 2 سو 35 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متعلق اموات مجموعی تعداد 3356 ہوگئی ہے۔ اس کے برعکس برطانیہ نے عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی سفری پابندیوں میں نرمی کردی، جس کے تحت کورونا ویکسین لگوانے والے 18 سال سے زائد عمر کے برطانوی شہری ملک واپسی کی صورت میں قرنطینہ کی شرط سے آزاد ہوں گے ، تاہم سفری پابندیوں میں نرمی کا اطلاق 19 جولائی سے ہوگا جب کہ اس سے قبل برطانیہ کی طرف سے عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث ایمبر لسٹ والے ممالک سے واپس آنے والے شہریوں پر قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں