کوئٹہ (پی این آئی) پاکستان کے صوبے بلوچستان کے گورنر امان اللہ یاسین زئی نے استعفیٰ دے دیا۔ امان اللہ یاسین زئی نے اپنا استعفیٰ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا ہے۔ انہیں اکتوبر 2018 میں بلوچستان کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ خیال رہے چند ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران گورنر بلوچستان کو ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اپریل کے آخر میں ہونے والے اس دورے کے بعد وزیر اعظم نے گورنر بلوچستان کو خط لکھ کر ان سے عہدہ چھوڑنے کا کہا تھا۔تاہم اس وقت امان اللہ یاسین زئی نے مستعفی ہونے سے انکار کیا تھا۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے اکتوبر 2018 میں محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو گورنربلوچستان مقررکیا تھا۔پشتونوں کے یاسین زئی کاکڑ قبیلے سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی بلوچستان کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ اگست 2009 میں انہیں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے پر برطرف کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں