اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کرونا ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز

اسلام آباد (آئی این پی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے تاجر برادری، ان کے اہل خانہ اور ملازمین کی دوسرے مرحلے میں ویکسینیشن کے لئے ایڈوانس ڈائیگنوسٹک سنٹر کے تعاون سے اپنی بلڈنگ میں دو روزہ ویکسینیشن سنٹر قائم کیا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایڈوانس ڈا ئیگنوسٹک سنٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ شاہد کے ہمراہ ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظم ، نائب صدر عبد الرحمن خان ، چیمبر کی ہیلتھ کئیر کمیٹی کے کنوینر عبد الرحمن صدیقی ، خالد چوہدری، چوہدری زاہد رفیق اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ویکسینیشن مہم کے دوران تاجر برادری کو کینسائن ویکسین کی واحد خوراک، سینوواک کی پہلی خوراک اور سینوفارم کی دوسری خوراک لگائی گئی ۔ آئی سی سی آئی ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے پہلے مرحلے میں کاروباری برادری کی ویکسی نیشن کیلئے سب سے پہلے اپنی بلڈنگ میں ایک ویکسینیشن سنٹر قائم کیا تھا۔ویکسی نیشن سنٹر کاافتتاح کرنے کے بعد اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہ چیمبر نے صنعتی علاقوں اور مارکیٹوں میں ویکسی نیشن سنٹر کھلوا کر کر ونایکسینیشن مہم میں بھرپور کردار ادا کیا اور اس مہم کا بنیادی مقصد حکومت کی بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانا تھا تا کہ وفاقی دارالحکومت کو جلد ملک کا کرونا سے پاک شہر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کورونا وائرس سے باہر نکلنے اور کاروباری سرگرمیاں معمول پر لانے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسی نیشن کرنا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کے زیادہ سے زیادہ افراد، ان کے اہل خانہ اور ملازمین اپنی ویکسی نیشن کیلئے چیمبر میں قائم ویکسی نیشن سنٹر کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ زندگی کو معمول پر لانے اور کاروباری سرگرمیوں کو معمول کے مطابق بحال کرنے کے لئے جلد اپنی ویکسی نیشن کروائیں۔ سردار یاسر الیاس خان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی مثبت شرح میں نمایاں کمی آئی ہے کیونکہ پاکستان میں مسلسل تیسرے روز بھی ایک ہزار سے کم کرونا کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کاروبار پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے تاکہ کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close