پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین شمشیر خان نے کہا ہے کہ بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھراور کاروبار ٹھپ کر رہ گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ گرمی کی شدت اور حبس میں اضافہ کے ساتھ ہی حکومت نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیاجس نے عوام کی پریشانیوں میں حد درجے اضافہ کردیا ہے۔ حکومت آئے روز بجلی
لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کرتی ہے جبکہ دوسری جانب بجلی لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے، سخت ترین گرمی میں لوڈشیڈنگ کرنا عوام پر بہت بڑی ظلم ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طورپر بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرے، عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں جبکہ رہی سہی کسر بجلی لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں مین بجلی، سوئی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںسو فیصدسے زیادہ اضافہ ہوگیا ہے اور اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں مائیں، بہنیں، بچے اور بوڑھے سخت اذیت کا شکار ہیں جبکہ حکومت خالی خولی نعروں سے عوام کے آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دیہی وشہری علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ اس سے کاریگر اور مزدور طبقہ بھی بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیاہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں