سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 27 فیصد اضافے کا اعلان

پشاور(پی این آئی) تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 27 فیصد اضافے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 27 فیصد الاؤنس میں اضافے کا اطلاق یکم جون سے ہو گا جس کا نوٹیفکیشن آئندہ کچھ دنوں میں کر دیا جائے گا۔حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نیک نیتی کے ساتھ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ان خیالات کا اظہار آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا (آگیگا) اور سیکریٹریٹ ایمپلائز کوآرڈی نیشن کونسل کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کو ختم کرنے کے لیے کھلے دل اور نیک نیتی سے اضافہ کیا۔ملازمین کو الائونسز میں 27 فیصد اضافہ یکم جون سے ملے گا جس کا نوٹیفکیشن آئندہ چند دنوں میں کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا اگر کسی صورت میں کوئی ملازم، شعبہ یا محکمہ تنخواہ میں اضافے سے رہ گیا تو ان کے لیے شکایات ازالہ کمیٹی بنا دی ہے۔ ملازمین محنت اور دلجمعی سے اپنے فرائض سر انجام دیں اور حکومت کے استعداد کار میں اضافہ کریں۔ اس موقع پر ملازمین تنظیموں کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے تنخواہوں میں امید سے زیادہ اضافہ کرکے دل جیت لیے۔ ملازمین تنظیموں کے عہدیداروں نے تنخواہوں میں اضافے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا شکریہ ادا کیا ۔

close