راولپنڈی(آئی این پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک ترک تعاون سے علاقائی امن واستحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ساتھ دینے پر ترکی کے مشکور ہیں، ترکی خطے کا اہم ترین مسلم ملک ہے۔بدھ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورہ پر ترکی پہنچ گئے جہاں انہوں نے ترک وزارت دفاع کا دورہ کیا اس موقع پر انہیں فوجی دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ترک وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈ ہولوسی آکار، کمانڈر ترکش جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز جنرل امیت دندر سے ملاقاتیں کیں۔اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔آرمی چیف نے پاکستان کے ساتھ ترکی کے تعلقات با لخصوص خطے میں قیام امن کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی خطے کا اہم ترین مسلم ملک ہے، علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ساتھ دینے پر ترکی کے مشکور ہیں، پاک ترکی تعاون سے علاقائی امن واستحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ترک وزیردفاع نے علاقائی امن واستحکام باالخصوص افغان امن عمل کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ترک وزیردفاع نے دونوں برادر ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے لئے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں