موجودہ اسمبلیوں کی حد تک پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، چوہدری پرویز الٰہی نے سابق صدر کو یقین دہانی کرادی

لاہور(پی این آئی) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں کے مابین معنی خیز مقابلہ ہوا۔ آصف علی زرداری نے بطور اتحادی چودھری پرویز الٰہی کو بیتے دنوں کی یاد دلائی تو پرویز الٰہی نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری کو واضح کر دیا کہ وہ صرف موجودہ اسمبلیوں کی حد تک پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ملاقات میں سیاسی صورتحال ، صوبے میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کے حوالے سے یکساں پالیسی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سوال کیا کہ چودھری صاحب بتائیں اتحادیوں کے ساتھ کیسی گزر رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کبھی سیاستدان تھے ہی نہیں۔اب تو عمران خان کو لانے والے بھی پچھتا رہے ہیں۔ عمران خان اور وزرا سمجھتے ہیں کہ دھمکیوں سے سندھ حکومت کو ڈرا لیں گے۔یہ اُن کی بھول ہے ، ہم نے تو آمروں کا مقابلہ کیا ، یہ کیا چیز ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کا اتحادی ہونے کے باوجود کئی پالیسیوں سے اختلاف کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن تک ہی موجودہ حکومت کے اتحادی ہیں، آئندہ کے آپس کُھلے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے آزاد عدلیہ اور جمہوریت پر بھی اتفاق کیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے لیے بلاول ہاؤس پہنچ گئے، آصف زرداری نے خود پرویز الٰہی کا استقبال کیا، ملاقات میں عام انتخابات میں سیاسی اتحاد سمیت پنجاب میں کسی بھی سیاسی تبدیلی کے لیے یکساں پالیسی اختیار کرنے پر اتفاق ہوا۔

close