طلبا ہو جائیں تیار، 9ویں اور11ویں کے امتحانات کا شیڈول جاری

کراچی (پی این آئی) محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال 9 ویں اور فرسٹ ائیر کے امتحانات جولائی اور اگست میں منعقد کئے جائیں گے جبکہ اس سال پریکٹیکل امتحانات بھی لئے جائیں گے۔ کراچی میں بدھ کو ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال صوبہ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی تاہم اگر درجہ حرارت زیادہ ہوا تو صورتحال کو دیکھ کر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں 9 ویں جماعت اور11 ویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جولائی میں 10 ویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد 9 ویں جماعت کے امتحانات جبکہ 11 ویں جماعت کے امتحانات 12 ویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لئے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صرف اختیاری مضامین کے امتحانات ہوں گے اور اس سال میٹرک اور انٹر میں پریکٹیکل کے امتحانات تھیوری امتحانات کے بعد لئے جائیں گے۔پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے۔ جو بھی طالبعلم ان مضامین میں فیل ہوگا اس کو پاسنگ مارکس دئیے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ امتحانات کے 45 روز کے بعد پہلے مرحلے میں 10 ویں جماعت اور 12 ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا جبکہ 9ویں اور 11 ویں جماعت کے نتائج کا اعلان ان دونوں کلاسز کے بعد کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ پہلی سے 8 ویں تک کے امتحانات کے حوالے سے 3 تجاویز سامنے آئی ہیں۔ ایک تجویز پہلی کلاس سے چوتھی اور چھٹی اور 7ویں کو پروموٹ کرنے، دوسری تجویز تمام کلاسز کو پرموٹ کرنے اور تیسری تجویز تمام کلاسز کے امتحانات لینے کی ہے۔ اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے تمام ارکان سے تفصیلی بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس سال پہلی سے 8 ویں تک کے امتحانات لئے جائیں گے اور یہ امتحانات اسکولز اپنے طور پر لیں گے۔سعید غنی نے مزید کہا کہ پری پرائمری اور پرائمری کلاسز میں تدریسی عمل کا آغاز 21 جون سے ہوجائے گا تاہم اگر صورتحال خراب ہوتی ہے تو تعلیمی ادارے بند کردیں گے۔وزیرتعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو،  سیکرٹری کالجز سید خالد حیدر شاہ، سیکرٹری یونیورسٹیز قاضی شاہد پرویز، ارکان سندھ اسمبلی تنزیلہ ام حبیبہ، رابعہ اظفر نظامی، ڈی جی پرائیویٹ اسکول منصوب صدیقی، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر فوزیہ، تمام بورڈز کے چیئرمینز، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت دیگر موجود تھے۔

close