تقریباً 4 ماہ بعد پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی سب سے کم شرح، جاں بحق افراد کی تعداد میں بھی نمایاں کمی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا سے مزید 53 افراد انتقال کرگئے جب کہ وائرس کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے اور تقریباً 4 ماہ بعد مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46882 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1383 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 53 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.94 فیصد رہی جو تقریباً 4 ماہ بعد کورونا کے مثبت کیسز کی سب سے کم شرح ہے۔اس سے قبل رواں سال 14 فروری کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.62 ریکارڈ کی گئی تھی۔ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21376 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 35 ہزار 13 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 67 ہزار 447 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کا پہلا ڈرائیو تھرو کورونا ویکسی نیشن سینٹر قائم کردیا گیا۔ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کا قیام ضلعی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب کے تعاون سے کیا گیا ہے جس کا افتتاح صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود اور ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے افتتاح کیا۔ ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کے قیام کے بعد اب شہری گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ویکسین لگواسکیں گے، دو ہفتوں کے لیے قائم اس سینٹر پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ویکسین لگوائی۔ڈرائیو تھرویکسی نیشن سینٹر میں 4 بوتھ بنائے گئے ہیں اور یہ سینٹر روزانہ رات 8 بجے سے 2 بجے تک کھلا رہے گا۔اس موقع پر ڈی سی لاہور مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں 60 سے 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ ہے۔ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کا کہنا تھا کہ کار خیر میں حصہ ڈالنے پر خوش ہوں،شہری کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب میں لاہورقلندرزکےسی ای اوعاطف رانانےبھی شرکت کی اور ویکسی نیشن کے لیے آنے والے شہریوں نے بھی ڈرائیور تھرو سینٹر کے قیام کو خوب سراہا۔

close