’ جہانگیر ترین ہمیشہ پارٹی پر بوجھ رہے ہیں، اُن کی وجہ سے پارٹی کو نقصان اُٹھانا پڑا‘پی ٹی آئی رہنما کھل کر سامنے آگئے

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین پر برس پڑے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال نے کہا کہ جہانگیر ترین ہمیشہ پارٹی پر بوجھ رہے ہیں، اُن کی وجہ سے ہمیں پارٹی کو نقصان اُٹھانا پڑا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ جہانگیر ترین کی وجہ سے ہمیں کئی بار طعنے سُننے پڑے، یہ خود کو بڑھا چڑھا کرپیش کرتے ہیں۔جہانگیر ترین اُسی قسم کے انسان ہیں جس طرح کے نواز شریف اور زرداری صاحب ہیں۔ انہوں نے پیسے کے زور پر خود کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پارٹی کو بھی توڑتے پھوڑتے رہے ہیں۔ جو بندہ اپنے حلقے سے الیکشن نہ جیت سکا ہو وہ کسی کو کیا ووٹ لے کر دے گا۔کیا وہ اب کسی کو چیچہ وطنی یا لاہور میں یا پھر فیصل آباد میں ووٹ لے کر دیں گے ؟ پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے ترین گروپ میں موجود اراکین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض دو یا تین دن کی بات ہے ، اس وقت جہانگیر ترین کے ساتھ جو لوگ ہیں وہ پاکستان تحریک انصاف کے ہی رکن ہیں جنہوں نے واپس آنا ہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی امیج بلڈنگ کرتے ہیں اور یہ تاثر دیتے ہیں کہ جیسے حکومت یہ بنا رہے ہیں، جہاز ان کا چل رہا ہے، ہم نے جہانگیر ترین کو ہر جگہ پر بُھگتا ہے اور پھر چاہے وہ پیپلز پارٹی کے رہنما ہوں یا مسلم لیگ ن کے ، یا پھر خود شہباز شریف ہوں، یہ سب لوگ ہمیں جہانگیر ترین کے طعنے دیتے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close