نادرا نے فیسوں میں دو ہزار روپے سے پانچ ہزار روپے تک اضافہ کر دیا

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں نادرا نے مختلف سرٹیفکیٹس کے اجراء کی فیس میں 5 ہزار روپے تک اضافہ کردیا، پیدائش، انتقال اور طلاق سرٹیفکیٹس کے اجراء کی فیس 2000 سے 5 ہزار روپے تک بڑھا دی گئی، فیسوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نادرا نے بجٹ سے قبل ہی مختلف سرٹیفکیٹس کی فیس میں 5 ہزار روپے تک اضافہ کردیا ہے۔پیدائش، انتقال اور طلاق سرٹیفکیٹس کے اجراء کی فیس 2ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار روپے تک کردی گئی ہے۔ جبکہ پہلے ان سرٹیفکیٹس کی فیس چند سو روپے تھی۔ جنم دن کی 60 دن سے2 سال تک کی اندراج فیس 100 روپے سے بڑھا کر 2000 کر دی گئی ہے۔ جبکہ دو سال بعد لیٹ اندراج فیس5000 ہوگی۔غیرملکی بچے کی لیٹ اندراج جنم پرچی فیس بھی 5000 روپے ہوگی۔اسی طرح بیرون ملک پاکستانی شہریوں کے بچوں کی جنم دن فیس5000 ہوگی۔موت کے اندراج کی لیٹ فیس بھی 5000 کر دی گئی۔ غیرملکی کیلئے برتھ رجسٹریشن فیس 5000 ہوگی، برتھ، ڈیتھ یا طلاق کے کوائف میں تبدیلی یا درستگی کی فیس 1000 روپے مقرر کی گئی ہے، پہلے60 روز تک برتھ اور ڈیتھ کی رجسٹریشن فیس 300 روپے کردی گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور رکشوں کے ٹریفک جرمانے بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔ موٹر سائیکل بغیر ہیلمٹ کے چلانے پر چالان 200 روپے کی بجائے 600 روپے ہوگا۔موٹر سائیکل سوار کیلئے قانون شکنی پر چالان میں 300 سے 400 روپے تک اضافہ ہوگا۔ اوورسپیڈ، نو پارکنگ، رونگ وے اور رات کو بغیر لائٹس کے موٹرسائیکل چلانے پر جرمانہ 200 سے 400 روپے کرنے کی منظوری، رکشہ چلانے والوں کے جرمانوں میں 250 سے 500 روپے تک اضافہ کردیا گیا، کم عمر میں موٹر سائیکل چلانے والوں پر بھی چالان 500 روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر موٹر سائیکل سوار اور رکشہ پر 600 اور گاڑی والے پر 750 روپے جرمانہ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ مسافر گاڑیوں پر ٹریفک چالان 1000 روپے سے 2000 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ کارسواروں پر چالان سیٹ بیلٹ، موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 سے 750 تک کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ ریش ڈرائیونگ، پریشر ہارن، رونگ وے گاڑی چلانے پر جرمانہ 1000 روپے کرنے کی منظوری، جعلی نمبر پلیٹ والی موٹرسائیکل پر1000 اور گاڑی پر2000 روپے تک جرمانہ بڑھانے کی منظوری دی گئی۔دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 5 سال پرانی گاڑیوں کیلئے روڈ فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہوگا۔ موٹرسائیکل اور رکشوں کیلئے فی الحال جرمانے نہیں بڑھائے گئے۔ کابینہ نے سرکاری ملازمین کے دکھوں کا مداوا کیا ہے۔ گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کو یکم جون سے خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔

close