پائیدارمعاشی ترقی کے اعدادوشمار پراپوزیشن کاٹولہ منافقت سے کام لے رہا ہے، عثمان بزدار

لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے اعداد و شمار پراپوزیشن کا ٹولہ منافقت سے کام لے رہا ہے، سٹاک مارکیٹ سمیت معیشت کے دیگر شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پائیدارمعاشی ترقی کے اعداد و شمار پر اپوزیشن کا ٹولہ منافقت سے کام لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے۔ صنعت کا پہیہ چل رہا ہے اورزرعی شعبہ میں نمایاں گروتھ ہے۔ معیشت کی اے بی سی سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔ یہ ٹولہ صرف پاکستان کی ترقی کو روکنے کے درپے ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام کے سفر پر گامزن ہے۔ ایسے وقت اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی سیاست کرنا پاکستانی عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ منفی سیاست کرنے والے یاد رکھیں کہ ان کی آر پار،استعفوں اورلانگ مارچ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔ اب یہ عناصر معیشت کی ترقی پر پریشان نظر آتے ہیں۔ پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close