پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کیساتھ امن چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سمیت تمام ہمسایوں ممالک کیساتھ امن چاہتے ہیں ، وزارت خارجہ کی بڑی ذمہ داری ہمسایوں کیساتھ امن کی فضاء برقرار رکھنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خارجہ میں سرسبز پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آنیوالی نسل کو آلودگی سے صاف و شفاف ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے خیبرپختونخوا میں بلین ٹری منصوبہ بھی مکمل کیا اور اب حکومت نے 10ارب درخت پورے ملک لگانے کا ہدف رکھا ہے ،وزیراعظم نے ہمیشہ ماحولیات کے تحفظ کی بات کی ہے کیونکہ ہم ملک کو آلودگی سے صاف و شفاف ماحول دے کر مستقبل کی نسل کو بہتر ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج ہم قدرتی ماحول کے تحفظ کی اضافی ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نہ صرف اپنے ملک بلکہ مشرق وسطی کو بھی سرسبز بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے حکومت پاکستان کیساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزارت خارجہ کا عموماً کام ہمسایوں کیساتھ تعلقات بہتربنانا اور امن قائم کرنا ہوتا ہے اور ہم بھارت سمیت تمام ہمسایوں کیساتھ امن چاہتے ہیں ۔

close