حامد میر پر پابندی لگنے کا معاملہ، سابق وزیراعظم نواز شریف بھی میدان میں کو دپڑے

لندن (پی این آئی) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا وجود خطرے میں پڑنے سے پہلے فسطائیت کا راستہ روکنا ہوگا۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ ” حامد میر پر تازہ ترین وار ہو، سلیم شہزاد کا قتل، ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ، مطیع اللہ جان اور گل بخاری کا اغواء یا احمد نورانی، اسد طور، عمر چیمہ، بلال فاروقی اور اعزاز سید کو زد و کوب کرنا، اس سے پہلے کہ فسطائیت پاکستان کا وجود خطرے میں ڈال دے، ہمیں اس کا راستہ روکنا ہو گا۔”خیال رہے کہ جیو نیوز کی انتظامیہ نے اینکر پرسن حامد میر کو غیر معینہ مدت کیلئے چھٹیوں پر بھیج دیا ہے۔ ان کا پروگرام کراچی میں موجود کسی اینکر سے کروایا جائے گا۔دوسری جانب حامد میر نے کہا ہے کہ اس میں کچھ نیا نہیں ہے، ماضی میں بھی دو دفعہ ان پر پابندی لگائی گئی، دو دفعہ نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے، وہ قاتلانہ حملے میں بچ نکلے لیکن انہوں نے آئین میں دیے گئے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا نہیں روکا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وہ کسی بھی قسم کے نتائج کیلئے تیار ہیں اور کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوں کیونکہ “وہ” میری فیملی کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

close