وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکی قیادت میں پنجاب آج بھی بڑے بھائی کا کردار نبھا رہا ہے: فیاض الحسن چوہان

لاہور (آن لائن) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب ہمیشہ کی طرح آج بھی بڑے بھائی کا کردار نبھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اپنے اپنے حکومتی ادوار میں صرف ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے اور اپنی جیبیں بھرنے پر زور دیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کا ایجنڈا ادارہ جاتی اصلاحات ہیں جن سے آئندہ حکومتوں اور عوام کو یکساں فائدہ ہو گا۔ فیاض الحسن چوہان نے سندھ کی جانب سے پنجاب پر پانی چوری کے الزام کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے نادر مگسی کے سندھ اسمبلی میں بیان کے بعد ان بے سر و پا الزامات کی کوئی حیثیت نہیں رہ جاتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پنجاب پر پانی چوری کا الزام لگا کر خود ہی بدنام ہو رہی ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کے 2600 میل کینال نیٹ ورک میں پانی کا نقصان صرف 8 فیصد ہے۔ دوسری جانب سندھ کے 600 میل کینال نیٹ ورک میں پانی کا نقصان تقریباً 39 فیصد تک رپورٹ کیا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے وڈیرے اپنی فصلوں کے لیے پانی چوری کر کے پورے صوبے کا نقصان کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل گندم خریداری کے ایشو پر بھی سندھ حکومت دانستہ پنجاب حکومت پر الزامات لگا کر اپنے ہاتھوں اپنی سبکی کروا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی حرکتیں درست کرے، ورنہ دیگر صوبوں کی طرح سندھ کی عوام بھی انہیں نکال باہر کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close