پی ڈی ایم ایجنڈا ہی ظالم حکمرانوں سے نجات کا واحد راستہ، جے یو پی جلسوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے

لاہور (آن لائن)جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے واضح کیا ہے کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے میںبری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ سوائے الزام تراشی اور مستقبل کے جھوٹے خواب دکھانے اور وعدے کرنے کے کوئی کام عمران حکومت نہیں کر سکی۔ پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں کا کا ایجنڈا ہی ظالم حکمرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہے۔جے یو پی ،پی ڈی ایم کے جلسوں کے اعلان اور اعلامیہ کی بھرپور حمایت کرتی ہے ۔سندھ کے حصے کے پانی کی بوند بوند اسے جانی چاہیے ، تقسیم میں کوئی نا انصافی نہ کی جائے۔ پنجاب فراخ دلی کا مظاہرہ کرے۔ اس کے ساتھ سندھ حکومت سے بھی گزارش ہے کہ نفرت نہ پھیلائے اورپنجاب پر چڑھائی کی بجائے معاملے کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرے۔ پانی کی قلت ہے تو سب کو مل کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں پیر اقبال شاہ ،پیر واجد علی گیلانی، ذوالفقار احمد ججا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پیرمحفوظ مشہدی نے کہا کہ پاکستان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت چھ اکائیوں پر مشتمل ہے۔ ہر خطہ اور اس کے لوگ قابل احترام ہیں۔ ان کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کے رشتے مضبوط ہونے چاہیئں۔ ملکی خوشحالی اور ترقی تمام جماعتوں کامنشور ہے ، تو اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کورونا کی شدت میں کمی پر اللہ رب العزت کا شکر گزار کرتے ہوئے کہا کہ کالجوں کا کھلنا اور تعلیمی اداروں کی رونقیں بحال ہونا قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس دینیہ میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔ دارالعلوم محمدیہ بھکھی شریف میں 24 مئی سے تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔امید کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کورونا کے حوالے سے مشکلات نہیں ہو ںگی ۔ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔

close