چوہدری نثار کے حلف لینے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کرسی کو خطرہ؟ شیخ رشید بھی میدان میں کود پڑے

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کے حلف سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کرسی کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان اور عثمان بزدار ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، عثمان بزدار بھی عمران خان کی طرح 5 سال پورے کریں گے۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ چوہدری نثارتین سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف لینے کا سوچ رہے ہیں، میری ان سے پانچ سال سے بات نہیں ہوئی لیکن اچھا ہے وہ حلف لینے کا سوچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، اس لیے چوہدری نثار کے حلف سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کرسی کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ میں برف پگھل گئی ہے اور ترین گروپ بجٹ میں حکومت کے حق میں ووٹ دے گا۔بجٹ منظور ہوگیا تو پھر سیاست ایک سال آگے چلی جائے گی۔ اسی طرح گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے ن لیگی قیادت کو بھگوڑا قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں حکمران ملک میں رہنا چاہتے ہیں یہ باہر بھاگنا چاہتے ہیں، میں پھانسی پر چڑھنا پسند کروں گا لیکن ملک سے باہر نہیں جاؤں گا، حدیبیہ ریفرنس چند دنوں میں دائر کرنے جارہے ہیں، شہبازشریف 15 دن کے اندر ای سی ایل میں نام ڈالنے کے خلاف نظر ثانی اپیل کرسکتے ہیں۔ ن لیگ میں دو پارٹیاں ہیں شہباز کی پارٹی میری پارٹی ہے، مریم اور ان کے والد نے اپنی جماعت کو اس مقام تک پہنچایا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے اور میری سب سے زیادہ ہمدردی مولانا کے ساتھ ہے، اپوزیشن اس حکومت کو اب نہیں پکڑ سکتی، عمران خان نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ مافیاز کا مقابلہ کررہے ہیں، وزیراعظم کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں، اور نہ ہی کوئی کوئی تحریک عدم اعتماد آرہی ہے، میرا جہانگیر ترین سے الیکشن کے بعد کوئی رابطہ نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں کہ جہانگیر ترین بھی سمجھدار آدمی ہیں، وہ غلط قدم نہیں اٹھائیں گے اور ملک کو بحران میں مبتلا نہیں کریں گے، جہانگیر ترین گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا، وزیراعظم جلد اس بحران سے بھی جلد ہی نکل جائیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شوگراور منی لانڈرنگ کے معاملات شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں،عمران خان اور جہانگیر ترین دونوں پارٹیاں علی ظفر ایڈووکیٹ سے مطمئن ہیں، علی ظفر کو اپنی رپورٹ دے دینی چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کررہے، اگر جہانگیرترین کے لوگوں کو شکوہ ہے تو بتائیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خاتمے اور احتساب کا جو نعرہ بلند کیا تھا آج بھی اس پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اورا س ملک میں بلاتفریق احتساب جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close