جہانگیر ترین کے تعلقات اپنی جگہ لیکن اگر کوئی جہانگیر ترین کا دشمن میرے پیچھے لگا ہوا ہے تو لگا رہے، وزیر ہوابازی کی ہوائیاں اڑنے لگیں

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے حوالے سے کوئی چھپانے والی بات نہیں ، ہمارے دور حکومت میں سب کے ساتھ ایک رویہ برتا جاتا ہے ، ہر شکایت پر ایکشن ہوتا ہے ، زلفی بخاری نے خود استعفیٰ دیا،پارٹی نے اس کو نہیں سراہا ، لوگوں نے تین تین بار وزارتیں لیں وہ انکوائری کی بات پر چیختے ہیں،میرا نووا سٹی سے کوئی تعلق نہیں ، رنگ روڈ منصوبے کے اردگرد میری یا میرے خاندان کی کوئی زمین نہیں ،جہانگیر ترین کے تعلقات اپنی جگہ لیکن اگر کوئی جہانگیر ترین کا دشمن میرے پیچھے لگا ہوا ہے تو لگا رہے ۔منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ رنگ روڈ کے حوالے سے کوئی چھپانے والی بات نہیں ، ہمارے دور حکومت میں سب کے ساتھ ایک رویہ برتا جاتا ہے ، ہر شکایت پر ایکشن ہوتا ہے ، زلفی بخاری نے خود استعفیٰ دیا،پارٹی نے اس کو نہیں سراہا ۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے میرے حوالے سے خبر آئی کہ میں نیب ریڈار پر ہوں ، میں نے اس وقت کہا کہ میں نیب کو خوش آمدید کہتا ہوں ، جن لوگوں نے تین تین بار وزارتیں لیں وہ انکوائری کی بات پر چیختے ہیں ، ہم نے ایسا نہیں کیا ، میں سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے ، اس سے پہلے مجھ پر کوئی الزام نہیں آیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے میری پریس کانفرنس پر کوئی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا،میں نے وزیراعظم کو مختلف میڈیا ہاؤسز اور مسلم لیگ (ن) کا حوالہ دیا جن کا اپنا دامن داغدار ہے وہ مجھے چور کہہ رہے ہیں میں یہ برداشت نہیں کرسکتا ۔غلام سرور خان نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں نہیں شروع ہوا صرف سروے کیا گیا تھا ، ایئرپورٹ کے ساتھ جتنی ہاؤسنگ سوسائٹیز ہیں سب نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے این او سی لیا اسی طرح نووا سٹی نے بھی این او سی حاصل کیا ،میرا نووا سٹی سے کوئی تعلق نہیں ، رنگ روڈ منصوبے کے اردگرد میری یا میرے خاندان کی کوئی زمین نہیں ، اس منصوبے سے مالی نہیں سیاسی مفاد وابسطہ ہے ،یہ منصوبہ میرے دونوں حلقوں کو ملاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ میں صحافی عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کروں گا ، اس منصوبے کی الائنمنٹ تبدیل کرنے میں میرا کوئی عمل دخل نہیں ، یہ انتظامی اداروں کا کام ہے ، الزام لگانے سے کچھ نہیں ہوگا ، ثابت کریں ،ثبوت عدالت یا نیب میں جمع کرائیں ۔وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے لئے اہم خدمات ہیں ،میرے جہانگیر ترین کے تعلقات اپنی جگہ لیکن اگر کوئی جہانگیر ترین کا دشمن میرے پیچھے لگا ہوا ہے تو لگا رہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close