ملک ریاض کا لاہور ائیر پورٹ پرکورونا ٹیسٹ کرانے سے انکار، محکمہ صحت کی ٹیم کے رہائش گاہ پہنچنے پر بھی ٹیسٹ نہ کرایا

اسلام آباد (آئی این پی ) نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے سی ای او ملک ریاض حسین اور ان کے ہمراہ چار افراد نے لاہور ائیر پورٹ پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کورونا ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا جس پرمحکمہ صحت کی ٹیم ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے صورتحال بارے کراچی میں ہیڈکوارٹرز کو آگاہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو چیف آپریٹنگ آفیسر ائیر پورٹ منیجر سول ایو ی ایشن اتھارٹی لاہور کی جانب سے ڈائریکٹر اے پی ایس ایچ کیو سی اے اے کراچی کو لکھے گئے ایک خط میں یہ انکشاف ہوا کہ 16مئی کی رات 11:42 پر ایک پرواز کے ذریعے دوبئی سے لاہور ائیر پورٹ اترے اور وہ وہاں سے امیگریشن ہال آئے ان کے ہمراہ دیگر چار افراد بھی تھے ۔ جب انہیں کہا گیا کہ وہ کوروناٹیسٹ کرائیں تو انہوں نے حکومت کے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس سے انکار کر دیا اوراہل خانہ کے ہمراہ دوسرے گیٹ سے باہر نکل گئے بعد ازاں گلریز اختر اور محمد اعظم نے ٹیسٹ کرایا جن کا ٹیسٹ نیگٹو آگیا تاہم ملک ریاض، بینا ریاض اور شاہد محمود قریشی نے کوئی ٹیسٹ نہیں کرایا اور چلے گئے ۔ اس کے بعد اتھارٹی کی جانب سے بحریہ ٹائون کے چیف ایگزیکٹو کے پرسنل سٹاف آفیسر سے رابطہ کرکے ملک ریاض کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا کہا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور محکمہ صحت کا سٹاف جب نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں ملک ریاض کے گھر پہنچا تو پھر انہوں نے ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ۔ ٹیم واپس آگئی تاہم اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔۔۔۔۔۔

close