لاہور (پی این آئی) کورونا کیسز میں اضافے کا خطرہ، پنجاب حکومت کا عیدالفطر پر لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ- تفصیلات کے مطابق عیدالفطر پر کورونا وائرس کے پھیلاو پر قابو پانے کیلئے حکومت نے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاون میں مزید سختی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر صحت یاسمین راشد کی زیر صدارت کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکریٹری پنجاب سمیت دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ نماز عید کے اجتماعات ایس او پیز کے تحت ہوں گے، عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کیلئے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے انتظامی افسران متحرک ہیں،گزشتہ روز مختلف شہروں میں 1200 سے زائد دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔راجہ بشارت نے کہا کہ عید پر کورونا کیسز میں اضافے کا خطرہ ہے، شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے وبا کے پھیلاوَ کو روکنے میں تعاون کریں۔وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ لوگ عید سادگی سے منائیں، غیر ضروری سفرسے گریز کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث مزید 113 افراد جاں بحق ہوگئے ، کورونا وباء سے اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کرگئی ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مزید 3 ہزار84 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 64 ہزار 557 ہو گئی ہے، اس وقت ملک بھر میں فعال کورونا کیسز کی تعداد 78 ہزار959 ہے جن میں سے 4 ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار106 تک پہنچ گئی ، کورونا کی وجہ سے پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک 9ہزار 125 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ صوبہ سندھ میں یہ تعداد 4 ہزار 753 بتائی گئی ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے 3 ہزار644 افراد کا انتقال ہوا ، وفای دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا 716 افراد کی جان لے گیا ، جب کہ گلگت بلتستان میں 107 مریض کورونا سے جاں بحق ہوگئے ، اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان میں کورونا کی وجہ سے اب تک 253 اور آزاد کشمیر میں 508 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد 78 ہزار382 ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 24 ہزار979 کورونا مریض رپورٹ ہوچکے ہیں ، صوبہ پنجاب میں 3 لاکھ 20 ہزار 851 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے ، جب کہ صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 93 ہزار426 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں ، اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان میں 23 ہزار534 کورونا مریض سامنے آچکے ہیں ، جب کہ آزاد کشمیر میں اب تک 17 ہزار984 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 401 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں