کوئٹہ (پی این آئی) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے کل سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کو مسترد کردیا ہے، صدر انجمن تاجران عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ کل بلوچستان بھر کے تاجر اپنا کاروبار کھلا رکھیں گے، اگر انتظامیہ نے کاروبار سے روکنے کی کوشش کی تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عید کے حوالے سے کروڑوں روپے کا سرمایہ لگایا ہے، بیشتر دوکاندار کرائے دار ہیں۔حکومت کو تجویز دی تھی کہ کاروبار کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے۔ لیکن ہماری تجویز نہیں مانی گئی۔ عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ کل بلوچستان بھر کے تاجر اپنا کاروبار کھلا رکھیں گے، اگر انتظامیہ نے کاروبار سے روکنے کی کوشش کی تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔اسی طرح صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے لاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے چاند رات تک کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی 24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 8 تا 16 مئی کاروبار بند کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہیں۔ایک بیان میں اجمل بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے غلط فیصلے سے جتنا کورونا وائرس پھیلنا تھا وہ 2 دنوں میں پھیل چکا ہے۔اجمل بلوچ نے یہ بھی کہا کہ کورونا روکنے کے لئے حکومت زیادہ ٹائم دے تاکہ رش ختم ہوجائے، تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔ فیصلہ ساز بتائیں یومیہ بنیاد پر رزق کمانے والے 9 دن کہاں سے گھروں کا خر چ چلا ئیںگے۔دوسری جانب پنجاب میں 8 مئی سے 16مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، چاند رات کو بازاروں میں مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام اسٹالز ،سیاحتی مقامات پر پابندی ہوگی،بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کوہفتہ اتوار 50فیصد مسافروں کے ساتھ اجازت ہوگی، تندور، میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس 24 گھنٹے جبکہ گروسری اسٹور، سبزی فروٹ شاپس شام 6بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں