عمران خان نہ بلیک میل ہوں گے نہ ہی اسمبلیاں توڑیں گے، پی ٹی آئی کے سینئر لیڈر نے بڑا دعویٰ کر دیا

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان بلیک میل نہیں ہوں گے، اسمبلیاں توڑنے نہیں مافیا کی کمرتوڑیں گے، حکومت مدت پوری کرے گی، انتخابات 2023 میں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اپنی خاطر جمع رکھے، اسمبلیاں توڑنے نہیں کرپشن اور مافیا کی کمرتوڑنے آئے ہیں، عمران خان کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، الیکشن کمیشن کو آرڈیننس کے ذریعے کور دیا ہے، تاکہ وہ کام شروع کرسکے، انتخابی اصلاحات میں الیکشن کمیشن کی رائے مقدم ہوگی، جبکہ آخری فیصلہ پارلیمان کا ہوگا۔اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے۔ ڈویلپمنٹ پیکیج میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے۔ سابق حکمران مخصوص شہروں کی ترقی چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے پسماندہ علاقوں پر کوئی توجہ مرکوز نہیں کی۔ تحریک انصا ف کی حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا یہ سفرمزید تیزکریں گے۔کسی شہر کی حق تلفی نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔ رمضان پیکیج کے ثمرات سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی اور عوام صرف ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں۔ عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی اورعام انتخابات 2023ء میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زراعت سید حسنین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی امیر محمد خان، اراکین قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ،محمد افضل خان ڈھانڈلہ، اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ،محمد عامر عنایت شہانی،جاوید کوثر، مسرت جمشید چیمہ اورمحمد لطیف نذرشامل تھے۔

close