خضدار (آن لائن ) محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ خضدار کی جانب سے ’’وزیراعظم پاکستان کا اہم خوشحالی منصوبہ پروگرام‘‘ کے تحت خضدار کے شہریوں میں مرغیاں تقسیم کی گئیں،تقریب کے مہمان خاص رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری تھے۔ جب کہ محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے ڈاکٹر بشیراحمد بلوچ ڈاکٹر محمد انور زہری،سینئر آفیسر ڈاکٹر لیاقت ساجدی،خضدار پریس کلب کے صدر منیر نور گرگناڑی انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل، جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء حاجی محمد رمضان موسیانی سمیت دیگر موجود تھے۔ وزیراعظم پاکستان کااہم خوشحالی منصوبہ پروگرام کے تحت خضدا رمیں مرغیوں کے دو ہزار یونٹس تقسیم کیئے جارہے ہیں ایک یونٹ میں امریکی اور مصری نسل کی کل دس عدد مرغیاں شامل ہیں۔ ایک فرد کو ایک یونٹ حلفیہ ضمانت کی بنیاددیا جارہاہے کہ وہ آئندہ پانچ سال تک ان مرغیوں کی نسل کو بڑھانے کا پابند ہوگا،مقصد غریب خاندانوں کو باروزگار بنانا ہے۔اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ایک ایسا پروگرام و اسکیم دیا گیا ہے کہ جس میں لوگوں کو مال و دولت لگانے کی بجائے سستی قیمت پر اپنا روزگار شروع کرنے کا موقع مل رہاہے۔دیانتدارانہ انداز میں مستحق افراد کو یہ مرغیاں ملنے چاہئے تاکہ وہ انہیں پال کران کی نسل بڑھائیں اور باعزت روزگارکما سکیں۔ اس حوالے سے سوچ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جس سے لوگوں کی غربت کم ہوسکتی ہے اور ان کا روزگار بڑھ سکتا ہے ہوتا یوں ہے کہ لوگ مرغیاں پالنے کو معمولی سمجھ کر با عزت روزگار سے اپنے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں اور وہ ہمیشہ غربت کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے شعورو آگاہی بھی پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ لوگ جس کاروبار کو معمولی سمجھتے ہیں اس سے وہ اچھاخاصا روزگار کما کراپنی زندگی بہتر انداز میں گزار سکتے ہیں اس حوالے سے مرغیاں تقسیم کرنے کا جوسلسلہ شروع کیا گیا ہے یہ قابل ستائش ہے اور اس سے بے روزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد انور زہری ڈاکٹر لیا قت ساجدی نے اس اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار کے شہریوں کو اطلاع دی گئی ہے کہ ان مرغیوں کی نسل بڑھانے اور ان کو باروزگار بنانے کے لئے تقسیم کی جارہی ہے مستحق لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھاکر اچھا خاصا روزگار کمائیں محکمہ لائیو اسٹاک خضدار کا عملہ عوام کو گائیڈ لائن دینے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور موجود ہے۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں