لاہور(آئی این پی ) شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 96 فیصد بھر گئے ، جس کے باعث آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا کی ابتر صورتحال ہوتی جارہی ہے ، لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 96 فیصد استعمال میں ہیں ، جس کے باعث شہر میں کورونا کے لئے مختص کئے گئے 8 سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔میو اسپتال کے 84 وینٹی لیٹر پر 81 تشویشناک مریض زیرعلاج ہیں اور سروسز اسپتال میں کورونا کے مختص 32 وینٹی لیٹرز پر بھی مریض موجود ہیں جبکہ گورنمنٹ نواز شریف اسپتال یکی گیٹ کو دیئے گئے 10 وینٹی لیٹرز اورپی کے ایل کے لئے مختص کئے گئے 8 وینٹی لیٹرز بھی تا حال زیر استعمال ہیں۔کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں مختص کئے گئے تینوں وینٹیلیٹرز پر مریض موجود ہیں جبکہ جنرل اسپتال میں 30 وینںٹی لیٹر پر 25 مریض اور جناح اسپتال کے 40 وینٹی لیٹرز پر 33 مریض زیر علاج ہیں۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گنگارام اسپتال کے 20 وینٹی لیٹرز پر کورونا سے متاثرہ 15 خواتین زیر علاج ہیں، مجموعی طور پر تمام سرکاری اسپتالوں میں سوا کروڑ کی آبادی والے شہر میں 18 وینٹیلیٹر خالی ہیں ، جس کی وجہ سے آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر ہیں۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں مزید وینٹی لیٹرز بھیجوا رہے ہیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں