مزید سخت پابندیاں، لاک ڈاون میں 17 مئی تک توسیع

لاہور (آئی این پی ) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں لاک ڈاون میں 17 مئی تک توسیع کردی ہے۔ فیصلہ صوبے میں کرونا کیسز میں تشویش ناک حد تک اضافے کے بعد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد اداروں نے پھیلا روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پنجاب سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق کرونا کیسز کے پیش نظر صوبے بھر میں لاک ڈاون میں 17مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔ لاک ڈاون 17مئی تک نافذ العمل ہوگا۔ لاک ڈاون کے دوران درجہ ذیل اقدامات کیے جائیں گے۔ پنجاب بھرمیں کاروباری مراکز شام 6بجے بند کر دیئے جائیں گے۔ ہفتہ اور اتوار کاروباری سرگرمیاں بند ہوں گی۔ تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا۔ دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے۔ ریسٹورنٹس میں اِن ڈورڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ تمام تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ صوبے بھر میں سینما ہالز مکمل طور پر بند رہیں گے۔ اسپورٹس، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ صوبے بھر میں اِن ڈورشادی اور دیگر تقریبات پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق 8 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں تمام تقریبات پر پابندی ہوگی۔ ان اضلاع میں ریسٹورنٹس اور مزارات بند ہوں گے۔ ریلوے سروس 70 ،پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلے گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 روز مکمل بند رہے گی۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تمام بڑے اسپتالوں میں آئی سی یو بھر گئی ہیں، جب کہ اسپتالوں میں جگہ بھی کم پڑنے لگی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close