کورونا وائرس خوفناک شکل اختیار کر گیا، سکولوں کے بعد کالجز کو بھی غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) پنجاب کے 25 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے بند، کورونا کے خوفناک پھیلاو کی وجہ سے پنجاب حکومت نے اسکولوں کے بعد لاہور سمیت 25 اضلاع میں کالجز بھی غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے خوفناک پھیلاو کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔صوبے کے ایسے تمام اضلاع میں اسکول و کالجز بند کر دیے ہیں، جہاں کورونا کی شرح 5 فیصد سے زائد ہے۔ صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے کل 25 اضلاع ہیں جہاں کورونا کی شرح 5 فیصد ہے، اس لیے ان اضلاع کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔فیصلے کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے 25 اضلاع میں تمام نجی و سرکاری کالجز غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے۔جن اضلاع میں کالجز بند کیے گئے ہیں ان میں فیصل آباد، لاہور، اوکاڑہ، قصور،رحیم یار خان، ڈی جی خان شامل ہیں، اسی طرح راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، خوشاب، ساہیوال، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، بہاولنگر، چکوال اور بھکر کے کالجز بھی بند رہیں گے۔ اس سے قبل گزشتہ روز وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث بھکر، جھنگ ، اوکاڑا اور خانیوال میں فی الفور نجی وسرکاری سکولوں کو بند کردیا گیا ہے، اس سے قبل پنجاب کے 13 اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے باعث مزید اضلاع میں سکولوں کو بند کیا جارہا ہے۔یہ اضلاع 6 اپریل کو اعلان کردہ 13اضلاع کے علاوہ ہیں۔ جہاں کورونا کے باعث سکولوں کو بند کیا جارہا ہے۔ ان اضلاع سکولوں کو بند کرنے کے نوٹیفکیشن فی الفور نافذالعمل ہوگا، سکولوں کی بندش پرتاحکم ثانی عملدآمد ہوگا۔اس سے قبل حکومت نے 13اضلاع میں سکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، شیخوپورہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ملتان ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان‏تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

close