کراچی میں کورونا کی کون سے قسم پائی گئی ہے؟ رپورٹ سامنے آ گئی

کراچی(آئی این پی)سندھ کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیق سے تصدیق ہوئی ہے کہ کراچی میں 50 فیصد کیسز میں برطانوی ویریئنٹ موجود ہے۔وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘یوکے کی کووڈ کی قسم بہت تیزی سے پھیلتی ہے اور یہ پنجاب اورخیبرپختونخوا میں پہلے ہی پھیل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘اس کی وجہ سے وہاں اموات بھی ہو رہی ہیں اور بہت سارے لوگ متاثر ہوچکے ہیں اورکراچی میں بھی یہ ویریئنٹ آچکا ہے۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ ہماری تحقیق کے مطابق ٹیسٹ کے نمونوں میں 50 فیصد یوکے کا ویریئنٹ ملا ہے، اس لیے ہمیں بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان کا مہینہ ہے، عیدالفطر بھی آنے والی ہے اور رمضان میں افطار اور سحری کے وقت عید کی شاپنگ کے لیے بہت سارے لوگ بازاروں میں نکلتے ہیں، جس میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ‘ایس او پیز پر عمل کریں، غیر ضروری باہر نہ نکلیں، ہجوم سے دور رہیں، ہاتھ صابن اور پانی سے متواتر دھوتے رہیں، ماسک پہننا ضروری ہے، سماجی دوری برقرار رکھیں، اس طرح آپ اپنے آپ کو اپنے رشتہ داروں اور کمیونٹی کے لوگوں کو بھی بچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ویکسینینش سینٹرز کھلے ہوئے ہیں، روزہ داروں کے لیے افطار کے بعد بھی کھلے ہوتے ہیں جہاں 50 سال سے بڑی عمر کے افراد ویکسینیشن کراسکتے ہیں اور اس سے آپ خود کو کووڈ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔۔۔۔۔

close