اوورسیز پاکستانیوں کو حکومت نے بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور (آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اوورسیز پاکستانیوں کو عدالتوں میں کیسز کیلئے ای فائلنگ کی سہولت دینے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ای فائلنگ سمیت اوورسیز پاکستانی کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے قانون سازی سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی اجازت دینا بھی تحر یک انصاف کی حکومت کی اولین تر جیح ہے ۔ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی اور پنجاب حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیساتھ متحد کھڑی ہے۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین محمدوسیم رامے سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کو مزید سہولتوں کی فراہمی اور ان کی مشکلات کے حل کیلئے اقدامات سمیت دیگر ایشوز پر مشاورت کی گئی۔اس موقعہ پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بر وقت انصاف کی فراہمی کیلئے سپیشل عدالتوں کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کو عدالتوں میں کیسز کیلئے ای فائلنگ کی سہولت بھی دینے جا رہے ہیں جس کے لیے صوبائی محکمہ قانون پنجاب میں کام جا رہی ہے اس سہولت کے بعداوور سیز پاکستانی بیرون ملک سے ای فائل سے کیس دائر کر سکیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ویڈیو لنک سے بھی کیس کی بحث میں حصہ لے سکیں گے اور ویڈیو لنک سے شہادت ریکارڈ کرا سکیں گے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو مشکل معاشی حالات سے نکالنے میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کا اقتدار میں آنے سے پہلے اپنے اوورسیز پاکستانیوں سے یہ وعدہ تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی دیں گے اور ان کے ساتھ ہونے والے ظلم اور ناانصافی کو بھی جڑوں سے ختم کر یں گے۔اُنہوں نے کہا کہ الحمد اللہ اپنے وعدے کے مطابق تحر یک انصاف کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے جو کام موجودہ حکومت کر رہی ہے ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اصلاحات کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ عوام کے مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین محمدوسیم رامے کہا کہ ماضی کے حکمران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے صرف دعوے کرتے رہے ہیںمگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آج حقیقی معنوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اوورسیز پاکستانیوں سے کیے جانے والا ہر وعدہ پورا کر یں گے۔

close