خضدار ( آن لائن )بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نماز تراویح کے وقت زلزلے کے شدید جھٹکے، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شب کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اکثر زلزلوں کی زد میں رہنے والے بلوچستان کے کئی علاقوں میں دوبارہ زلزلے کے شدید جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔زلزلے کے جھٹکے ضلع خضدار میں زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے، جبکہ گردونواح کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے بعد لوگ خوف زدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے ایسے وقت میں محسوس کیے گئے جب لوگ نماز تراویح کی تیاریوں میں مصروف تھے، تاہم زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے مخصوص علاقے اکثر زلزلوں کی زد میں رہتے ہیں۔ مسلسل آنے والے زلزلوں کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگ مسلسل خوف کی فضائ میں رہنے پر مجبور ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں