تحریک انصاف میں موروثی سیاست پروان چڑھنے لگی، پرویز خٹک کے بیٹے کو بھی کابینہ کا حصہ بنائے جانے کا امکان

پشاور (آن لائن) وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیٹے ابراہیم خٹک کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان  ہے ۔میڈیارپورٹ  کے مطابق    تین اراکین کے مستعفی ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کابینہ میں دو نئے مشیروں اور ایک معاون خصوصی کی تقرری متوقع ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر دفاع  پرویز خٹک کے بیٹے ابراہیم خٹک کو صوبائی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کی بھی بطور مشیر تقرری کا امکان ہے۔اس سے  قبل خیبر پختونخوا حکومت نے مشیرسائنس وٹیکنالوجی ضیا اللہ بنگش نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ معاون خصوصی ایکسائز غزن جمال نے بھی استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھجوادیا تھا۔  مشیرتوانائی حمایت اللہ خان بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے حمایت اللہ نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ محمود خان کو بھجوایا تھا۔ مستعفی ہونے والے کابینہ ارکان کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔خیبر پختونخوا حکومت نے ضیااللہ بنگش،غازی غزن جمال اور حمایت اللہ خان کے استعفے منظور کرلئے ہیں۔

close