اسلام آباد(ٹوڈے نیوز)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اقتدار میں آئے ہوئے اڑھائی سال ہوئے ہیں، مافیا ہمارے دور میں نہیں آئے بلکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی1971ءسے مافیا کی سرپرستی کرتی آئی ہیں اور انہوں
نے مافیا کو پروان چڑھایا، تحریک انصاف کا مقصد حکومت بچانا نہیں، ملک بچانا ہے، ملک کی ترقی، قانون کی بالادستی اور ملک سے مافیا کا خاتمہ تحریک انصاف حکومت کا مشن ہے، کسی کے خلاف سیاستی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، تحریک انصاف حکومت نے اپنی جماعت سے خوداحتسابی کا عمل شروع کر کے مثال قائم کی ہے، احتساب میں دوست یا دشمن نہیں دیکھے جاتے، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہییں۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کیلئے بڑی خدمات ہیں، ان کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں ابھی الزامات ثابت نہیں ہوئے، وہ عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جو کہ تحریک انصاف کے موقف کی تائید ہے، اگر ان کے خلاف تحقیقات نہ ہوتیں تو اپوزیشن کہتی کہ حکومت اپنوں کا احتساب نہیں کرتی، احتساب میں یہ نہیں دیکھا جاتا کہ اس کا تعلق کس جماعت سے ہے؟ہماری خواہش ہے کہ وہ مشکلات سے باہر نکل آئیں۔سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے گزشتہ 35 سال میں باریاں لے لے کر ذاتی مفادات کیلئے قومی اداروں اور ملکی معیشت کو تباہ کیا، جس وقت ڈالر 60 روپے کا تھا اس دور میں چینی کی قیمتیں 127 روپے فی کلو تک گئی تھیں اور آج یہ جماعتیں مہنگائی کی باتیں کر رہی ہیں، تحریک انصاف حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد قومی اداروں کو آزاد کیا ہے اور اب وہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مافیا کی سرپرستی اور اپنی کرپشن کا تحفظ کرنا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی جماعتوں کا کلچر ہے، انہی جماعتوں نے مافیا کو پروان چڑھایا، جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہ ہو، بڑے اور چھوٹے لوگوں کیلئے الگ الگ قانون ہو تو وہ تباہ ہو جاتا ہے، تحریک انصاف حکومت کی ن لیگ یا پیپلزپارٹی سمیت کسی سیاسی جماعت سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، ہمارا بنیادی مقصد ملک میں انصاف پر مبنی نظام کھڑا کرنا، مافیا کا خاتمہ اور ملک کی ترقی ہے، اسی مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور عالمی مالیاتی اداروں کے اعدادوشمار میں کوئی فرق نہیں ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے بھی2022ءمیں پاکستان میں چار فیصد گروتھ ریٹ کی توقع ظاہر کی ہے، ہم بھی یہی کہہ رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں