اسلام آباد (پی این آئی) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر(این سی اوسی) نے رمضان المبارک میں مساجد کیلئے کورونا گائیڈلائنز جاری کردیں، نماز اور تراویح کا اہتمام مساجد اور امام بارگاہ کے ہال میں نہیں بلکہ احاطےمیں کیا جائے، مساجد کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے، نزلہ زکام کھانسی میں
مبتلا، زائد العمرنمازیوں اور بچوں کو مساجد میں نہیں آنا چاہیے،متعکفین گھر پر اعتکاف کریں۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد رمضان المبارک میں مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازیوں کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ یہ گائیڈ لائنز مساجد، امام بارگاہوں میں نماز اور تراویح کیلئے ہیں۔مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازہال میں ادا نہیں ہوگی بلکہ تراویح اور نماز کا اہتمام مساجد، امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے۔سڑکوں اور فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے گریز کیا جائے۔ مساجد، امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہوگی، وضو گھر سے کرکے آئیں، نمازی وضو کرتے وقت اپنے ہاتھوں کو صابن سے 20 سیکنڈ تک دھوئیں۔ مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، مساجد، امام بارگاہوں میں نماز فرش پر ادا کی جائے گی، فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے، شہری مسجد میں گھر سے جائے نماز ساتھ لانے کو ترجیح دیں، 50 سال سے زائد العمر، بچوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے۔اسی طرح فلو، کھانسی میں مبتلا نمازیوں کو مساجد اور امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے۔ نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد آئیں۔ شہری مجمع لگانے سے گریز کریں، صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین 6 فٹ فاصلہ رکھا جائے، نمازیوں کی سہولت کیلئے صفوں میں فاصلہ رکھ کر نشانات لگائے جائیں، انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کمیٹی تشکیل دیں۔ گائیڈ لائنز میں مزید بتایا گیا کہ متعکفین گھر پراعتکاف کا اہتمام کریں، مساجد، امام بارگاہوں میں سحروافطار کا اہتمام نہ کیا جائے، خطیب انتظامیہ سے تعاون کریں۔مساجد اور امام بارگاہ کو اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے، ایس او پیز پر عدم عملدرآمد، کیسز بڑھنے پر پالیسی پر نظر ثانی ہوگی۔ حکومت شدید متاثرہ علاقوں کیلئے احکامات اورپالیسی میں تبدیلی کرنے کی بھی مجاز ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں