لاہور (پی این آئی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان ہاؤس تبدیلی کے لیے اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز کو انتظارکرنے کا مشورہ دے دیا ، شہبازشریف اور حمزہ شہبازکی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈسکہ الیکشن کےحوالے
سے سپریم کورٹ فیصلے پرتبادلہ خیال کیا گیا ، اس دوران شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو مشورہ دیا کہ ڈسکہ کے دیہی علاقوں میں الیکشن مہم پرفوکس کریں ، ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں پر مشتمل گروپ بنا کرمہم چلائیں ، انتخابی مہم میں ن لیگ کی خواتین کو متحرک کریں ، دھاندلی روکنے کے لیے وکلاء فورم کو بھی متحرک کیا جائے ۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کی پیپلز پارٹی کی پیش کش اور ان ہاؤس تبدیلی کی مخالفت پربھی مشاورت کی گئی ، اس دوران شہبازشریف نے ان ہاؤس تبدیلی کیلئے حمزہ شہباز کو انتظار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا مناسب وقت پرفیصلہ کریں گے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میری تبدیلی کی افواہوں کا مقصد پنجاب کی ترقی کو روکنا ہے، وزیراعظم اور ایوان کا مجھ پر اعتماد ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا ، یہ بات درست نہیں کہ ہم نے لاہور کیلئے کام نہیں کیا ، انہوں نے کہا کہ میں عوام کا منتخب نمائندہ ہوں اور ووٹ لے کر یہاں آیا ہوں ، وزیراعظم اور ایوان کا مجھ پر اعتماد ہے ، میری تبدیلی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، ہر کچھ عرصے بعد ایسی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے متعلق بغض ہے میں تو اپنی ڈیوٹی کرتا ہوں ، میں ادھر ہی ہوں پنجاب میں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا ، میری تبدیلی کی افواہیں پھیلانے کا مقصد پنجاب میں ترقی کو روکنا ہے ، میں اس طرح افواہوں پر کان نہیں دھرتا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پی ڈی ایم والے اپنا منہ چھپائے پھر رہے ہیں، پی ڈی ایم والے پہلے اپنا حال درست کریں پھر ہماری طرف آئیں، پنجاب میں شفافیت سے حکومت چل رہی ہے ایک اسکینڈل بھی سامنے نہیں آیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں