لاہور (پی این آئی) کورونا کی تیسری لہر کے بے قابو ہوجانے کے بعد پنجاب کے 9 بڑے شہروں میں شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائدکر دی گئی ہے، ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ،گجرات اور شیخوپورہ شامل ہیں، ان شہروں میں یکم سے 11 اپریل تک ان ڈور
اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی، ان شہروں میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہےگی، ہوٹل اور ریسٹورینٹس بند رہیں گے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی جب کہ یہ پابندیاں 11 اپریل تک نافذ رہیں گی۔
پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں مارکیٹیں اور بازار شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے، کورونا کی زیادہ شرح والے 9 شہروں میں یکم اپریل سے انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ اورشادی کی تقریبات پرپابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کےمطابق پارک، تفریحی مقامات اورکھیلوں کی سرگرمیاں بھی بند رہیں گی ، عوامی مقامات پر منہ ڈھانپنا لازم ہوگا، مزارات اور سینما گھر مکمل بند رہیں گے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔پنجاب حکومت کےنوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بندرہے گی جب کہ لاہورمیں اورنج ٹرین اور اسپیڈو بس سروس بھی بند رہے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں