کورونا وائرس کا پھیلائو، پاکستان نے کون کونسے ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخلے پر پابندی لگادی، سول ایوی ایشن کی نئی ایڈوائزری جاری

کراچی (پی این آئی) کرونا وائرس کا پھیلاو، کئی ممالک کے شہریوں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے آنے والے افراد کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر تاحال کرونا وائرس کا پھیلاو جاری رہنے کی وجہ سے پاکستان کی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کرونا ایس او پیز کے اطلاق میں مزید توسیع کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کرونا ایس او پیز میں 5 اپریل تک مزید توسیع کردی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایس اوپیز سے متعلق نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا۔ نئے نوٹی فیکیشن کے مطابق کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے شہریوں کی پاکستان آمد پر سفری پابندی برقرار رہے گی۔ان ممالک کے شہریوں اور وہاں مقیم پاکستانیوں کو بھی پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔کیٹیگری سی میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، آئر لینڈ، برازیل، پرتگال، نیدرلینڈ، بوٹسوانا اور زیمبیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن نے تمام ممالک کو کل 3 کیٹیگری میں تقسیم کیا ہے۔ کیٹیگری سی کے علاوہ کیٹیگری اے میں آسٹریلیا، چین، سعودی عرب اور نیوزی لینڈ سمیت 15 ممالک شامل ہیں۔ جبکہ کیٹیگری اے اور سی کے علاوہ باقی تمام ممالک کیٹیگری بی میں شامل کیے گئے ہیں۔کیٹیگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو سفر سے قبل کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان نےبھی کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ ان پابندیوں کے نفاذ کو ایک سال کا عرصہ ہو چکا۔ پاکستان میں کرونا وبا کا زور کم ہونے پر عائد سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔ تاہم پھر برطانیہ سمیت کچھ ممالک میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاو اور ملک میں مہلک وبا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد پاکستان نے دوبارہ سے کچھ ممالک کے شہریوں پر سخت سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

close