سینیٹ میں کیمرے میڈیا کوریج کے لئے لگائے گئے تھے، فردوس عاشق اعوان نے نئی بات کہہ دی

اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سینٹ میں قائد ایوان کے انتخاب کے دن بھی اپوزیشن نے رنگبازی نہیں چھوڑی اور ایوان میں میڈیا کوریج کے لئے لگائے گئے کیمروں کا ایشو بنا کر میڈیا سکرین پر قبضہ جمائے رکھا اگر کسی کو اعتراض

ہے تو نو منتخب چیئرمین سینٹ کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر صورت حال کی انکوائری کرا سکتے ہیں ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک بار پھر اپنی جھوٹی سیاست زندہ رکھنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے اور الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کیا انہوں نے کہا کہ در اصل یہ سینٹ کے انتخابات سے فرار کی بہانے ڈھونڈ رہے ہیں -ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست میں رواداری ہونی چاہیے سینیٹ کا الیکشن کوئی ایمان اور کفر کی جنگ نہیں- انتخابات میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن اسے زندگی اور موت کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے- انہوں نے کہا کہ جو ایک بار عوام کی نظر میں مر جائے وہ چاہے جتنا بھی شور مچا لے دوبارہ عوام کے دلوں میں جگہ نہیں بنا سکتا اور یہی اس وقت اپوزیشن کا وطیرہ ہے- ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قومی سوچ اپناتے ہوئے سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے لئے چھوٹے صوبے سے نمائندگی کو فوقیت دی ہے اور اپوزیشن کو بھی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کرنا چاہیے تھا -لیکن انہیں صرف اپنی سیاست عزیز ہے چھوٹے صوبوں کے مفادات کا کوئی احساس نہیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی

گرفتاری پر نون لیگ کو چپ لگی ہوئی ہے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے دہشت گردوں پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے نون لیگ قاصر ہے- انہوں نے کہا کہ ہم وفاق کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اسی لیے تمام صوبائی اکائیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں حکومت ڈٹ کر کھڑی ہے اور وہ جس پچ پر چاہیں کھیلیں ہم انہیں شکست فاش دیں گے- انہوں نے کہا کہ اب الزام تراشیوں کا سلسلہ بند ہوجانا چاہیے اور کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اپوزیشن اپنی اوچھی حرکتوں کی وجہ سے خود ہی بے نقاب ہو رہی ہے- انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی برادر یوسف پر خود ہی نظر رکھیں آصف زرداری نے نون لیگ کو ماموں بنایا اب انہیں نون لیگ کا ری ایکشن بھی دیکھنا پڑے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہنیں بھائیوں کی مدد کے لیے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں اور انشائاللہ صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ کے طور پر کامیاب ہوں گے۔۔۔۔

close