کتنے ن لیگی سینیٹرز پر حکومتی امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے دبائو ڈالا گیا؟ سابق وزیراعظم کے دعوے نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صبح ہمارے 10,12 لوگوں کو فون کالز آئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج صبح سب کو کالز آئی ہیں ، جب کہ ہمارے دس ، بارہ سینیٹرز کو کال

کرکے کہا گیا کہ ملک کی سلامتی کے لیے ووٹ کریں ، لیکن ہمارے تمام ممبران ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شکر ہے وزیر اعظم عمران خان کو احساس ہوا ہے کہ نئے الیکشن کا آپشن بھی ہے ، آج ملکی مسائل کا یہی حل ہے کہ اب نئے الیکشن لڑے جائیں ، الیکشن جیتنے کے لیے لڑا جاتا ہے۔ جب کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سینیٹرحافظ عبدالکریم نے ووٹ کیلئے واٹس ایپ کالوں کے ذریعے دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فون کال پرحکومتی امیدوار کو سپورٹ کرنے کا کہا گیا، پہلی واٹس ایپ کال 6مارچ کو4بج کر5منٹ، دوسری 7مارچ اور تیسری کال 9 مارچ کو12بج کر6 منٹ پر آئی،میں کہا کہ ہم نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے فون آئے آپ سرکاری امیدوار کو سپورٹ کریں، یوسف رضا گیلانی کو سپورٹ نہ کریں، میرے پاس ریکارڈ موجود ہے ،مجھے پہلی کال 6مارچ کو4بج کر5منٹ پر واٹس ایپ، پھر 7مارچ کو 2بج 58منٹ پرکال آئی، 9مارچ کو12بج کر6منٹ پر کال آئی ، آخری کال جب آئی تو میری بات بھی ہوئی، مجھے کہا گیا کہ آپ ہمارے حکومتی امیدوار کو سپورٹ کریں ، میں نے ان سے کہا کہ ملک کا حال آپ کے سامنے ہے، غریب پس گیا ہے، مہنگائی کتنی زیادہ ہوگئی ہے، ملک اقتصادی خارجی طور پر تباہ ہوگیا ہے۔حافظ عبدالکریم نے کہا کہ میں ایمانداری سے کہتا ہوں میاں نوازشریف اور مسلم لیگ ن جتنی پاکستان کی خدمت کی کسی نے نہیں کی، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں جتنے پرچے کرنے کرلین، پریشر ڈالیں، نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم یہاں پر نام بھی لے سکتے ہیں لیکن نام لینا مقصود نہیں ہے ، میں میڈیا کے سامنے کہنا چاہتا ہوں ہم نے نیب ، ایف آئی اے کو بھگتایا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے سینیٹ چیئرمین کے الیکشن شیڈول ہونے کے بعد پرچے میں میرا نام ڈال دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close