مسلم لیگ(ن)نے کسی دوسری جماعت کے وزیراعلیٰ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، پنجاب کی سب سے بڑی جماعت ہونے کا دعویٰ

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پنجاب میں دوسری پارٹی کے وزیر اعلیٰ کو تسلیم نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن پنجاب میں سب سے بڑی جماعت ہے،پنجاب میں تبدیلی مقصد صرف تحریک انصاف کو گرانا نہیں ہے، کیونکہ عثمان بزدار کے بعد کسی دوسری جماعت جو

بھی آئے گا وہ اجازت سے آئے گا، اسی چیز سے ہمیں اختلاف ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنے پہلے اعلامیے میں لکھا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے پاکستان میں آئین کی عملداری ہو، سیاست سے ماورائے آئین مداخلت کو ختم کیا جائے، اسی کیلئے دو زاویے ہیں کہ ہم پنجاب میں اس وقت تک تبدیلی نہیں لائیں گے جب تک تبدیلی جمہوری نہ ہو، اور بغیر کسی کی اجازت کے ہو، پنجاب میں تبدیلی جب لوگ کسی کی اجازت سے نہیں بلکہ ضمیر کے مطابق ہوگی تو ہم تبدیلی لے آئیں گے، پنجاب میں ابھی بھی مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت ہے، اس لیے ہم پنجاب میں کسی دوسری پارٹی کے وزیر اعلیٰ کو تسلیم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی مقصد ہے کہ تحریک انصاف کو گرانے کیلئے کسی اور کو لے آئیں تو وہ جو کوئی اور آئے گا وہ بھی اجازت سے آئے گا، ہمارا اختلاف ہی اجازت لینے سے ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پنجاب میں چودھری پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بننے سے متعلق دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ پنجاب میں اب مسلم لیگ ن کی ہی حکومت آئے گی، مسلم لیگ ن چھوٹی ریس کا نہیں بڑی ریس کا گھوڑا ہے۔ ایک سوال پر کیا پنجاب میں چودھری پرویز الٰہی آپ کے وزیراعلیٰ ہوسکتے ہیں؟ کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں اب مسلم لیگ ن کی ہی حکومت آئے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close