حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن، پیپلزپارٹی اور ن لیگ آمنے سامنے آگئیں، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑنے کا خدشہ

کراچی (پی این آئی ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی نے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔این اے 249 کی سیٹ تحریک انصاف فیصل واوڈا کے استعفے کے باعث خالی ہوئی ہے۔ضمنی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی نے دلچسپی لینے والوں کو ٹکٹ کیلئے ایک ہفتے میں درخواستیں تمام تر دستاویزات

کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواستیں بلاول ہاؤس کراچی اور پارٹی دفتر اسلام آباد میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے بھی امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ درخواستوں کے بعد پارلیمانی بورڈ حتمی امیدوار کا اعلان کرے گا۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس حلقہ سے مفتاح اسماعیل کو ٹکٹ دینے کا اعلان کررکھا ہے اور ن لیگ کی جانب سے اس بات کا عندیہ بھی دیا گیا تھا کہ مفتاح اسماعیل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے مشترکہ امیدوار ہونگے ۔ تاہم اب اس سیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ فیصل واوڈا کی خالی نشست، نواز شریف نے کس پارٹی لیڈر کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا؟ کراچی (آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں مفتاح اسماعیل کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر کے وکیل نے عدالت میں ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کا استعفیٰ پیش کیا۔تاہم اسپیکرقومی اسمبلی کے چیمبر کو فیصل واوڈا کا استعفیٰ موصول ہی نہیں ہوا اور قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی میں بھی استعفی نہیں پہنچا تاہم اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کیے جانے کے بعد نشست خالی تصور کی جائے گی۔اب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل کراچی میں فیصل واوڈاکے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر الیکشن لڑیں گے۔

close