سینیٹ الیکشن سے قبل راتوں رات پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کا ہوٹل تبدیل کیو ں کر دیا گیا؟ حیران کن انکشاف

کراچی (پی این آئی) سینیٹ انتخاب کے لیے پولنگ کل ہو گی ، وفاداریاں بدلنے کے خدشے کے پیش نظر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی کے اراکین کو نجی ہوٹل منتقل کر دیا تھا تاہم اب اراکین اسمبلی کا ہوٹل تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سینیٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے پاکستان

تحریک انصاف کی جانب سے نئی حکمتِ عملی سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی نئی حکمت عملی کے تحت اراکین اسمبلی کو کراچی کی شاہراہ فیصل پر واقع نجی ہوٹل سے دوسرے ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اراکینِ اسمبلی کو اب ڈاکٹر ضیاء الدین روڈ پر قائم ہوٹل منتقل کرنے کے احکامات دئے گئے ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ گذشتہ رات دوسری جماعتوں کے اراکین بھی شاہراہِ فیصل پر مذکورہ نجی ہوٹل میں قیام کے لیے پہنچے تھے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ممکنہ طور پر ووٹ بینک محفوظ کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کو ایک سے دوسرے ہوٹل منتقل کیا گیا ۔ خیال رہے کہ شہر قائد کراچی کے نجی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین سندھ اسمبلی کے لیے کمرے بُک کیے گئے تھے۔ اس حوالے سے میڈیا ذرائع نے بتایا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر نے اپنے اراکین اسمبلی کے لیے نجی ہوٹل میں کمرے بُک کروائے اور تمام اراکین کو ہوٹل پہنچنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ذرائع کے مطابق کراچی ریجن کے صدر خرم شیر زمان سمیت متعدد اراکین اسمبلی ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اراکین کو 2 روز تک ہوٹل میں رہنے کی ہدایت کی ، اراکین اسمبلی کو رابطے اور ملاقاتیں محدود کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں