سینیٹ الیکشن کی آمد آمد، چئیرمین سینیٹ اور دیگر سینیٹرز کو تنخواہ سمیت کیا کیا سہولیات میسر ہو تی ہیں؟ تفصیلی رپورٹ آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹ انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جتنے جتن کرنا پڑتے ہیں ایوان بالا کی مراعات بھی اُتنی ہی بڑی ہیں۔ ایوان بالا کے چئیرمین ، ڈپٹی چئیرمین اور اراکین کو تنخواہوں کے ساتھ ساتھ مراعات بھی دی جاتی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چئیرمین سینیٹ کی تنخواہ ایک لاکھ 23 ہزار 676

روپے ہے۔ 7 ہزار 2 روپے کٹوتی کے بعد سینیٹ کے چئیرمین کو ایک لاکھ 16 ہزار 674 روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔جبکہ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 65 ہزار روپے ہے جس میں سے کٹوتی کے بعد 2 لاکھ 32 ہزار 976 روپے ادا کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سینیٹرکی ماہانہ تنخواہ دیگرمراعات کے علاوہ 76 ہزار 802 روپے ہے۔تنخواہ کے علاوہ چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے لیے منسٹرانکلیو میں فرنشڈ گھراورسینیٹرز کو پارلیمنٹ لاجز میں رہائش دی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق چئیرمین سینیٹ کو ہائرنگ کی صورت میں 1 لاکھ 39 ہزار 219 کرائے کے گھرکی صورت میں 1 لاکھ 3 ہزار 125 روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔چئیرمین سینیٹ کوٹرین میں سفرکے دوران ایک سیلون یا 2 سے 4 برتھوں پر مشتمل فرسٹ کلاس ائیرکنڈٰشنڈ کمپارٹمنٹ فراہم کیا جاتا ہے۔ جبکہ ڈپٹی چئیرمین کو4 برتھوں پر مشتمل ایک فرسٹ کلاس ائیرکنڈیشنڈ کوپہ مہیا کیا جاتا ہے۔ چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کو خاندان کے 4 افراد اور 2 ملازمین کو اپنے ساتھ مفت سفر کروانے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ایک سینیٹر کو ٹرین پر سفر کی صورت میں ائیرکنڈیشنڈ کلاس اور ایک دوئم درجے کے سفری ٹکٹ کی مد میں ادائیگی کی جاتی ہے۔چئیرمین سینیٹ اورڈپٹی چئیرمین سینیٹ کو فضائی سفر کے لیے ہوائی جہاز، ائیرفورس کا جہاز یا ہیلی کاپٹرمہیا کیا جا سکتا ہے۔ کمرشل جہاز میں سفر کے دوران چئیرمین سینیٹ کو اپنے خاندان کے کسی ایک فرد یا ملازم کو لے جانے کی اجازت ہے۔ ایک سینیٹرکو ہوائی سفر کی صورت میں ایک بزنس کلاس ٹکٹ کی رقم دی جاتی ہے۔ایک سینیٹرکو 3 لاکھ روپے سالانہ کے سفری اور 90 ہزار روپے سالانہ نقد لیوآف ٹریول واؤچرزکی مد میں

ادا کیے جاتے ہیں۔بذریعہ سڑک سفر کے دوران چئیرمین ، ڈپٹی چئیرمین سینیٹ اورارکان کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں 1750 روپے سے 3 ہزار روپے یومیہ دیئے جاتے ہیں۔ مزید برآں کنوینس الاؤنس کی مد میں 2 ہزار یومیہ جبکہ 2 ہزار روپے ہاؤسنگ الاونس کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ چئیرمین سینیٹ کو سالانہ 6 لاکھ روپے یا ایوان کی فنانس کمیٹی کے ذریعہ طے شدہ حد کی صوابدیدی گرانٹ کا حق حاصل ہوتا ہے جبکہ ڈپٹی چئیرمین کے لیے اس گرانٹ کی حد 4 لاکھ روپے تک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں