پی ٹی آئی سے دلبرداشتہ لوگوںنے مجھے دل کھول کر ووٹ دیئے، ضمنی انتخابات میں جیتنے والے ن لیگی امیدوار نے اعتراف کر لیا

نوشہرہ (پی این آئی) پی کے 63 نو شہرہ سے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے منتخب ایم پی اے اختیار ولی نے لیاقت خٹک سے لاتعلقی ظاہر کردی۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے کبھی ملاقات ہوئی اور نہ ہی فون پر بات کی ، لیاقت خٹک کو وزارت سے فارغ

کرنے کی باتیں پہلے سے ہو رہی تھیں ، کیوں کہ پرویز خٹک نے کئی ماہ پہلے لیاقت خٹک سے اختیارات چھین لیے تھے۔نو منتخب ایم پی اے نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی ہار کیلئے کوئی خوبصورت جواز ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی سے دلبرداشتہ لوگوں نے دل کھول کر ووٹ دیا ، اس لیے تحریک انصاف اور عمران خان کو چاہیے کہ شکست تسلیم کرلیں۔ دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخواہ کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ میں ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے لیاقت خٹک سے وزارت واپس لے لی ، پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار کو سپورٹ کرنے پر لیاقت خٹک کو ہٹایا گیا ، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے وزارت واپس لینے کا فیصلہ ضمنی الیکشن میں ان کے آبائی حلقہ سے پی ٹی آئی امیدوار کی شکست کے بعد کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ لیاقت خٹک کے پاس صوبہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی کابینہ میں آبپاشی کی وزارت تھی جو کہ ان سے واپس لے لی گئی اور اس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ واضح رہے کہ حلقہ پی کے 63 نوشہرہ میں پی ٹی آئی کو بڑا اپ سیٹ ہوا جہاں مسلم لیگ ن کا امیدوار جیت گیا ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 کے ضمنی انتخاب کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی نے 21 ہزار 122 ووٹ لے کر فتح حاصل کی ، جب کہ پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں، اس حلقے میں لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو 4 ہزار 99 ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دے دی ۔

close