پشاور(پی این آئی) سابق وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا لیاقت خٹک نے عہدے سے ہٹائے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کیا، مجھے ہٹانے کی وجہ بتائی جائے۔ اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو وہ سامنے لے کر آئے، وزیراعظم سے ملنا چاہتا ہوں ، وقت نہیں مل رہا ۔ نجی ٹی وی کے
ساتھ گفتگو کرتے ہوئے لیاقت خٹک کا کہنا تھا کہ میرے اوپر لگنے والے تمام الزامات جھوٹے ہیں ، جو کہ بغیر ثبوت کے لگائے جارہے ہیں ۔میں اس سلسلے میں وزیراعظم سے مل کر ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن مجھے وقت نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت میں نے نہیں ، نوشہرہ کے عوام نے کی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز نے بھی ن لیگ کی کھل کر حمایت کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پرویز خٹک کے لیے سیاست کی ، اب وہ غلط ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ مجھے ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جارہی ۔ مسلم لیگ ن کا امیدوار 22 سال سے الیکشن نہیں جیت سکا لیکن آج ہماری اپنی کوتاہیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی عمران خان کا کھلاڑی تھا اور اب بھی ہوں ، کسی دوسری سیاسی پارٹی کو جوائن کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔ وزارت کا شوق نہیں ، یہ آنے جانے والی چیز ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں