پشاور (پی این آئی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہونے والے ضمنی الیکشن میں 26 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف
کے امیدوار ملک فخر زمان 3322 ووٹ لے کر آگے ہیں ، جب کہ آزاد امیدوار سید جمال 3ہزار 6 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ، جب کہ جے یو آئی کے جمیل خان 2 ہزار 889 ووٹ لے کرتیسرے نمبر پر ہیں۔واضح رہے کہ این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی ، یہاں مجموعی طور پر 27 امیدوار میدان میں ہیں تاہم پی ٹی آئی کے فخر زمان بنگش ، آزاد امیدوار سید جمال اور جمعیت علماء اسلام ف کے جمیل خان میں سخت مقابلہ ہے ، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 931 ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70 ہزار 485 ہے ، حلقے میں 134 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے مضبوط حلقے پی پی 51 وزیرآباد میں تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد یوسف کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔حکمراں جماعت کے امیدوار چودھری محمد یوسف نے اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق 1425 ووٹ حاصل کیے ہیں ، جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم طلعت شوکت نے 983 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ پی پی 51 کے علاوہ دیگر 3 حلقوں سے بھی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ چل رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں