اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹ الیکشن کو گزرنے دیں جس کے بعد حکومت کے اندر احتساب کے نام سے عمل شروع ہوگا ، اطلاعات ہیں کہ بڑے بڑے چہرے تبدیل ہونے والے ہیں ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی رانا عظیم نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا
کہ سینیٹ الیکشن کے فوری بعد بہت تگڑے چہرے تبدیل ہونے والے ہیں ، ان میں ایک تو وہ لوگ شامل ہیں جو حکومت کو گرانے یا بلیک میل کرنے میں ملوث تھے ، ان میں سے کچھ چہرے تبدیل ہوں گے ، جن میں پرانے اور اہم عہدوں پر رہنے والے ساتھی بھی شامل ہیں ، سینیٹ انتخابات ہوتے ہی کچھ ایسا ہونے جارہا ہے کہ جس سے لگے گا کہ اپوزیشن کے بغیر ہی کوئی بڑا کام ہونے جارہا ہے۔سینئر صحافی رانا عظیم نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو ایک چیز بالکل واضح طور پر کہہ دی گئی ہے کہ آپ مہنگائی پر کنٹرول کریں ، یہ ون پوائنٹ ایجنڈا ہے جس پر حکومت کو پوری توجہ دینے کا کہہ دیا گیا اگر اس پر حکومت کام نہ کرسکی تو حکومت کو اس کے اندر ہی بہت بڑے خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری طرف سینیٹ انتخابات کے لیے حکمران جماعت پی ٹی آئی نے اسلام آباد کے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ، جن میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد شامل ہیں ، وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ نے ان کے ناموں کی منظوری دی۔اس کی تصدیق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی کی ، انہوں نے بتایا کہ تحرک انصاف نے سینٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں ، اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار فائنل کی گئی ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ سے فیصل واوڈا سینٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جب کہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام
فائنل کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ صوبہ پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹ کے لیے امیدوار سیف اللہ نیازی ، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر ہوں گے جب کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز ، محسن عزیز، دوست محمد ، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ، تاہم باقی نشستوں پر اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں