چاہوں تو ایک دن میں عمران خان کی حکومت گرادوں، پرویز خٹک نے نوشہرہ میں کارکنان سے خطاب کی وضاحت کر دی، کامیابی کی وجہ بھی بتا دی

نوشہرہ (پی این آئی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں کارکنان سے خطاب کے دوران دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت جاری کردی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کامیابی کی وجہ عمران خان ہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ میں نے

اپنے خطاب میں یہ واضح کیا تھا کہ ’’ میں عمران خان سے مخلص اور ان کا ممنون ہوں۔ہماری حلقے میں کامیابی مستقل طور پر ہماری کاوشوں اور عمران خان کے تعاون کی وجہ سے ہے۔ ہم الیکشن میں ہمارے مخالفین کے خلاف اکٹھا ہونے والی تمام جماعتوں کو شکست دیں گے۔‘‘واضح رہے کہ نوشہرہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ اگر چاہوں تو ایک دن میں عمران خان کی حکومت گرا سکتا ہوں ، لیکن عمران خان کے احسانات کی وجہ سے ایسا نہیں کروں گا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ وہ چاہیں تو ایک دن میں عمران خان کی حکومت کو گرا سکتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جس کا ساتھ دیتا ہوں وہ آسمان پر پہنچ جاتاہے ۔ جن کو اختیارات دیتا ہوں وہ آسمان پر پہنچ جاتے ہیں، جس کا ساتھ چھوڑ دوں وہ صفر ہو جاتا ہے ۔اپوزیشن والے میری عزت کرتے ہیں اس لئے میں بھی ارکان اسمبلی کا خیال رکھتا ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات کے باعث میرے خاندان کے لوگ اپوزیشن کے ساتھ مل گئے ، لیکن میں بتا دوں کہ مجھے سیاست میں کوئی دھوکا نہیں دے سکتا۔ خیال رہے کہ اس بیان کے وائرل ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس بارے میں پرویز خٹک سے پوچھا جائے گا جبکہ ان کا یہ بیان دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا تھا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں