کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کے حوالے سے تمام جماعتوں کے ساتھ انصاف کرے، ’’فارن فنڈنگ لیکس‘‘ کا پورا پنڈورا باکس کھل گیا تو لوگ ’’پانامہ لیکس‘‘ کو بھول جائیں گے۔ وہ بدھ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع
العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے نہ صرف تحریک انصاف کے ساتھ انصاف کرے بلکہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی سمیت پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کو بھی اہمیت دے کیوں کہ پی ڈی ایم اس لیے احتجاج کررہی ہے کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے صرف تحریک انصاف کو کیوں اہمیت دی جارہی ہے ان کا نام کیوں شامل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بھی سعودی عرب، اسامہ بن لادن، شیخ صواف اور مولانا فضل الرحمن نے لیبیا کے کرنل معمر قذافی اور عراق کے صدام حسین سے بھرپور امداد حاصل کی تھی اس لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن تمام پارٹیوں کے ساتھ انصاف کرے ، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی فارن فنڈنگ کے بارے تفصیلات الیکشن کمیشن حاصل کرے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تو 6سال تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس میں لگادئیے پی ڈی ایم کی گیارہ جماعتوں کا معاملہ تو نامعلوم کتنا وقت لے گا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کو فارن فنڈنگ کیس میں پہلے ہی شامل کیا جاتا تو انہیں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کی ضرورت درپیش نہ ہوتی ، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے 2بار اسامہ بن لادن، شیخ صواف اور سعودی عرب سے بھرپور فنڈ حاصل کیا ایک بار آئی
جے آئی کے قیام کے دوران جو آئی ایس آئی کے ڈی جی جنرل حمید گل کی چھتری تلے قائم کی گئی تھی اور دوسری بار محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پاکستان میں اب بھی اس کے عینی شاہد موجود ہیں جبکہ کچھ اللہ کو پیارے ہوچکے ہیں، حافظ حسین احمد نے کہا کہ فارن فنڈنگ لیکس کا پورا پنڈورا باکس کھل گیا تو لوگ پانامہ لیکس کو بھول جائیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 25جنوری کو کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے حوالے سے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل، الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ سمیت رجسٹریشن کے حوالے سے معاملات پر غور کیا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں