ندیم افضل چن نے سرکاری مراعات واپس کردیں، پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے سے متعلق وضاحت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) ندیم افضل چن نے تحریک انصاف کو خیرباد کہنے کی خبروں کی تردید کر دی، سینئر رہنما نے گاڑی ، دفتر اور سر کاری مراعات واپس کر دیں، پارٹی کا حصہ رہنے لیکن کوئی عہدہ قبول نہ کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرتی ندیم افضل چن کی تحریک انصاف کو خیرباد

کہنے کی خبروں کے بعد حکمراں جماعت کے رہنما کا اہم بیان سامنے آیا ہے ۔وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کسی صورت بھی استعفیٰ واپس نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی عہدہ نہیں لوں گا تاہم وہ پارٹی کا حصہ رہیں گے۔ ندیم افضل چن نے بطور معاون خصوصی ملنے والی گاڑی اور دفتر سمیت دیگر سرکاری مراعات واپس کر دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قریبی ساتھیوں سے بات چیت بھی ہوئی ہے، پارٹی میں ہی رہوں گا۔واضح رہے کہ ندیم افضل چن نے گزشتہ روز ترجمانوں کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی اور ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ذرائع کے مطابق ندیم افضل چن کا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو موصول ہوگیا، پی ایم آفس نے استعفیٰ موصول ہوجانے کے بعد وزیراعظم کے سامنے رکھ دیا تھا۔ عمران خان نے ندیم افضل چن کے استعفے پر نظر ڈالنے کے بعد کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ جبکہ وفاقی وزراء نے وزیراعظم عمران خان کو ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے استعفے کے متن میں ندیم افضل چن نے تحریر کیا کہ آپ نے اپنے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا تھا جس سے میں نے بہت کچھ سیکھا۔ لیکن میں مزید معاون خصوصی اور ترجمان کے عہدے کے فرائض انجام نہیں دے سکتا، آپ کے اعتماد اور ذمہ داریاں دینے پر آپ کا شکرگزار ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close