اسلام آباد (پی این آئی) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے معیشت کے حوالے حکومت پاکستان کے اقدامات کی حمایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستانی حکومت معیشت کو کافی سہارا دے رہی ہے ، رواں مالی سال معاشی ترقی کی رفتار ڈیڑھ فیصد متوقع ہے ،
کیوں کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث معاشی سرگرمیاں معمول سے کم ہیں ، جب کہ کووڈ 19 کے باعث غیر فعال قرضوں کا حجم بڑھ سکتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ترسیلات زر اور مالیاتی نظام میں شمولیت بڑھنے سے بینکوں کے کھاتے بڑھنے کی امید ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی بینکاری نظام کا آوٹ لک مستحکم ہے ، اور محدود وسائل کے باوجود حکومت معیشت کو سہارا دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ دوسری طرف وزیراعطم عمران خان نے کہا ہے کہ نومبر ، دسمبر میں ہماری برآمدات کے مقابلے میں بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدات منفی رہیں۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں وزیراعطم نے بتایا کہ علاقائی برآمدات کے رجحان سے متعلق اعداد و شمار موصول ہوئے ہیں جن سے پتہ چلا ہے کہ 2020ء کے ماہ نومبر اور دسمبر میں بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدات منفی رہیں جب کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ، اس کامیابی پر وزارت تجارت اور برآمد کنندگان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق سال 2020ء کے آخری دو مہینوں میں سے نومبر میں پاکستانی برآمدات میں 8.32 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اسی عرصے میں بھارت کی برآمدات میں 9.07 فیصد کمی دیکھی گئی اسی طرح دسمبر کے مہینے میں پاکستان کی برآمدات میں 18.30 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا جب کہ اسی عرصے میں بھارت کی برآمدات 0.80 فیصد اور بنگلہ دیش کی برآمدات میں 6.11 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں